امت نیوز ڈیسک //
الور میں ایک سابق فوجی کے گھر میں شادی کے 54 سال بعد بچے کے ولادت ہوئی جس کے بعد جوڑا خوشی سے پھولے نہیں سما رہا ہے۔ بچے کو جنم دینے والی خاتون کی عمر 70 برس اور شوہر کی عمر 75 برس ہے۔
الور: شادی کے بعد ہر کسی کو والدین بننے کی خواہش ہوتی ہے لیکن سرحد پر ملک کی حفاظت کرنے والے راجستھان کے ضلع جھنجھنو کے سابق فوجی گوپی چند کی یہ خواہش شادی کے 54 برس بعد مکمل ہوئی۔ فوج سے ریٹائر ہونے کے بعد گوپی چند باپ بننا چاہتے تھے اور ان کی یہ خواہش 75 سال کی عمر میں پوری ہوئی جب ان کی 70 سالہ بیوی نے گزشتہ روز ایک بچے کو جنم دیا۔ گوپی چند 75 سال کی عمر میں آئی وی ایف تکنیک کے ذریعے باپ بنے ہیں۔ ایسے میں ان کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہے۔ شادی کے 54 سال بعد گھر میں بچے کی کلکاریاں گونجنے سے سابق فوجی گوپی چند اور انکی بیوی بہت زیادہ خوش ہیں۔
ستر برس کی عمر میں خاتون نے بچے کو جنم دیااس بارے میں گوپی چند نے کہا کہ ’75 سال کی عمر میں انہیں والد بننے کی سعادت نصیب ہوئی ہے۔ زندگی میں اس سے زیادہ خوشی کوئی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ جنگ میں انہیں پیر میں گولی لگی تھی۔ 1983 میں فوج سے ریٹائر ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ سنہ 1968 سے ہی والد بننے کی خواہش تھی جو اب جا کر پوری ہوئی ہے۔ فوج سے ریٹائر ہونے کے بعد گوپی چند کی اہلیہ نے ڈاکٹروں سے معائنہ کروایا لیکن ہر طرف سے مایوسی ہاتھ لگی۔ اسی دوران کسی نے آئی وی ایف ٹیکنالوجی کے بارے میں معلومات دی۔
سابق فوجی گوپی چند نے بتایا کہ انہوں نے الور میں ڈاکٹر سے رابطہ کیا اور اس کے بعد مزید علاج کا عمل شروع ہوا۔ 8 اگست کو 70 سالہ چندراوتی نے الور کے 60 فٹ روڈ پر واقع ایک نجی اسپتال میں بیٹے کو جنم دیا۔ بچے کا وزن تقریباً ساڑھے تین کلو ہے۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ بچہ مکمل طور پر صحت مند ہے۔