امت نیوز ڈیسک //
دہلی: ٹی وی اور فلمی دنیا کے مشہور کامیڈین اور اداکار راجو سریواستو کو دل کا دورہ پڑا ہے، انہیں دارالحکومت دہلی کے ایمس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق راجو کو جم میں ورزش کرنے کے دوران دل کا دورہ پڑا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ ٹریڈمل سے گر گئے تھے۔ اس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ راجو کو دل کا دورہ پڑا ہے، اس خبر کی تصدیق ان کے بھائی اور پی آر نے کی ہے۔
اطلاع کے مطابق 59 سالہ راجو سریواستو کو دو دن تک علاج کے لیے ہسپتال میں رکھا جائے گا اور اس کے بعد انہیں چھٹی دے دی جائے گی۔’گجودھر بھیا’ کے نام سے مشہور راجو کا شمار ملک کے مشہور اسٹینڈ اپ کامیڈین کے طور پر ہوتا ہے ۔ وہ پہلی بار فلم ‘تیزاب’ (1988) میں نظر آئے تھے۔ اس کے بعد راجو کو فلم میں نے پیار کیا (1989)، بازیگر (1993)، آمدنی اٹھنی خرچہ روپیہ (2001) اور آخری بار ملک کے نمبر ون کامیڈین کپل شرما کی فلم ‘فرنگی’ میں ایک خاص کردار میں دیکھا گیا۔
ٹی وی سیریز کی بات کریں تو سال 1994 میں انہیں پہلی بار دور درشن پر نشر ہونے والے کامیڈی شو ٹی ٹائم منورجن میں دیکھا گیا۔ اس کے بعد راجو نے کامیڈی شو ‘دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج’ میں شائقین کو کافی ہنسایا۔