سرینگر: جموں و کشمیر حکومت نے توش خانہ کو ختم کرنے، اس کے اثاثوں اور عملہ کو محکمہ ثقافت کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے منگل کو جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے باضابطہ طور ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔
حکم نامہ کے مطابق جموں و کشمیر توشخانہ ادارہ کو بند کرنے اور موجودہ عملہ سمیت ان اثاثوں کو محکمہ ثقافت میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ توشخانہ کے تمام ریکارڈ اور منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے بھی محکمہ ثقافت سے منسلک کیے گئے ہیں۔
توش خانہ کو محکمہ ثقافت کو منتقل کرنے کا فیصلہ 13 اگست کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی سربراہی والی انتظامی کونسل میں لیا گیا تھا۔ حکومت کے مطابق یہ فیصلہ توشخانہ کو محکمہ آرکائیوز، آرکیولاجی اور میوزیم کے ساتھ منسلک کر کے کام کاج کو ہم آہنگ کرکے شہری اپنے ورثے کے بارے میں بہتر معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ توش خانہ میں جموں و کشمیر کے سابق ڈوگرہ حکمرانوں کے شاہی تحائف اور قدیم اشیاء موجود ہیں۔ جموں میں توش خانہ کی قدیم چیزیں مبارک منڈی ہیریٹیج کمپلیکس میں محفوظ رکھی گئی ہیں ہیں جبکہ سرینگرکی قدیم تحائف صدر ٹریجری سرینگر کے لاکر میں رکھی گئی ہیں۔