پونچھ: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے ساوجیاں علاقے میں منی بس حادثہ کا شکار ہوگئی، حادثے میں اب تک 11 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جب کہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں منڈی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اس حادثے پر صدر جمہوریہ دروپدی مُرمو نے متاثری کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا ‘ پونچھ کے ساوجیاں میں ایک المناک سڑک حادثے میں جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ میری ہمدردی اور دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہوں۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا ‘ پونچھ کے ساوجیاں میں سڑک حادثہ میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس ہے۔ سوگوار خاندانوں سے تعزیت۔ زخمیوں کو جلد صحت یاب ہونے کی دعا۔ مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے بطور معاضہ دیے جائیں گے۔ پولیس اور سول حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے۔
جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا ‘ پونچھ میں بس حادثے میں جانی نقصان کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا۔ مرنے والوں کی روح کو سکون ملے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی نصیب ہو۔
اس حادثے پر پی ڈی پی سربراہ اور جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہاکہ پونچھ میں سڑک حادثے کی خبر سن کر بے حد افسوس ہوا۔محبوبہ مفتی نے ٹویٹر پر لکھا ‘پونچھ کے ساوجیاں منڈی میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے بارے میں سن کر افسوس ہوا۔ غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں کے لیے دعائیں۔
جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری نے بھی غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ‘پونچھ کے ساوجیاں میں ایک المناک سڑک حادثے میں جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے۔ میرے خیالات اور دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ میں زخمیوں کی جلد اور جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ بدھ کی صبح پونچھ ضلع کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقے ساوجیاں کے بڑادی نالے کے قریب ایک منی بس حادثے کا شکار ہوگئی۔ تفصلات کے مطابق گاڑی ساوجیاں سے منڈی آرہی تھی کہ اچانک حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے میں اب تک 11 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بس گہری کھائی میں گرگئی۔ مقامی لوگوں نے پولیس اور فوج کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن کیے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی میڈیکل سنٹر ساوجیاں پہنچایا گیا، ابتدائی طبی امداد کے بعد سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ساوجیاں پہنچایا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں اسکولی طلبہ اور دیگر افراد شامل ہے۔