امت نیوز ڈیسک //
جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے سینئر لیڈروں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ جمعرات کی شام ملاقات کی جس دوران کئی اہم مسائل پر گفت وشنید ہوئی۔ بی جے پی کے سینئر لیڈروں کا کہنا ہے کہ ایل جی منوج سنہا نے مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن کے موقع پر سرکاری تعطیل دینے پر رضا مندی جتائی اور 23 ستمبر سے پہلے نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگی۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ بی جے پی کے سینئر لیڈروں نے جموں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ ملاقات کی جس دوران کئی اہم مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ نرمل سنگھ نے کہاکہ مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم ن کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان بہت جلد ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ایل جی منو ج سنہا نے بی جے پی کی اس دیریانہ مانگ کو پورا کرنے کا یقین دلایا اور 23 ستمبر سے قبل سرکار کی جانب سے اس حوالے سے باضابط طورپر ایک نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگی۔
اُن کے مطابق جموں صوبے کے لوگوں کی ایک دیریانہ مانگ پوری ہونے جارہی ہے۔ اس موقع پر بی جے پی لیڈر دویندر رینا نے کہاکہ 72سالوں کے بعد جموں صوبے کے لوگوں کی مانگ پوری ہونے جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن کے موقع پر اب سرکاری چھٹی ہوگی اور اس کا اعلان چند دنوں کے اندر اندر کیا جائے گا۔
اُن کے مطابق ہم مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور ایل جی منوج سنہا کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے لوگوں کی اس دیریانہ مانگ کو پورا کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔یو این آئی