اننت ناگ:کانگریس کے سابق رہنما اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے دعویٰ کیا کہ انہیں عسکریت پسندوں کی جانب سے جان سے مار ڈالنے کی دھمکی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایک ساتھی نے با خبر کیا کہ عسکریت پسندوں نے انہیں اس بات پر جان سے مارنے کی دھمکی دی کہ وہ وادی کا دورہ کرنے سے قبل قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوبھال اور اور وزیر داخلہ سے ملے تھے۔
ضلع اننت ناگ میں پبلک کنونشن کے دوران غلام نبی آزاد کا خطابان باتوں کا اظہار غلام نبی آزاد نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں منعقدہ پبلک کنونشن میں خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آزادانہ سوچ رکھتے ہیں اور وہ کسی کی غلامی کرنا نہیں جانتے۔ آزاد نے کہا کہ ’’میں خریدو فروخت کی سیاست نہیں کرتا ہوں۔‘‘ آزاد نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی انہیں اس طرح کی کئی دھمکیاں ملی ہیں لیکن وہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔
آزاد نے کنونشن کے دوران کہا کہ وہ اپوزیشن کے ایک بڑے سیاسی رہنما رہے ہیں۔ وہ دلی میں کسی سے بھی مل سکتے ہیں، جو ایک سیاست دان کا کام ہے۔ کسی پارٹی یا سیاسی رہنما کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ ‘گندی سوچ والی سیاست کا ذہن رکھنے والے سیاست دان عسکریت پسندوں کو خبر دیتے ہیں۔