امت نیوز ڈیسک //
سرینگر:ڈسٹرکٹ سرویلنس یونٹ – آئی ڈی ایس پی – کے مطابق سرینگر کے ایک نجی اسکول میلنسن گرلز اسکول میں کم از کم 13 طالبات ہاتھ، پاؤں اور منہ یعنی (HFMD) انفیکشن سے متاثر پائی گئی ہیں۔ اسکول میں اس بیماری کا پہلا معاملہ 9 ستمبر کو رپورٹ ہوا تھا۔ ہاتھ پاؤں اور منہ کی بیماری ایک ہلکا وائرل انفیکشن ہے جو چھوٹے بچوں میں عام ہے۔ علامات کے طور اس بیماری سے منہ میں زخم اور ہاتھوں اور پیروں پر خارش پیدا ہوتی ہے۔
ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے اسکول کا دورہ کیا اور HFMD سے متاثرہ بچوں کی شناخت کی ہے ایسے میں تشخیص کے دوران کچھ بچوں نے بخار کے ساتھ خارش، کمزوری اور گلے میں خراش کی شکایت کی۔ اس صورتحال کے پیش نظر اسکول کی انتظامیہ سے کہا گیا کہ متاثرہ بچوں کو علامات شروع ہونے کے بعد کم از کم 10 دن تک کلاسوں سے دور رکھا جائے اور مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ہی انہیں واپس اسکول آنے کی اجازت دی جائے تاکہ دیگر بچوں کو اس بیماری سے متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔
ہاتھ، پاؤں اور منہ کے اس انفیکشن کے پھیلاؤ کی روک تھام کی خاطر مقامی ہیلتھ ورکروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھیں اور اس کے مطابق رپورٹ تیار کریں۔ وہیں تمام اسکولوں کے پرنسپل، اساتذہ اور سپروائزرز کو بھی خبردار کیا گیا تھا کہ وہ بخار، چھالے اور خارش سے متاثرہ بچوں کو باقی بچوں سے علیحدہ رکھیں۔ کلاس کے اندر جانے سے قبل اسکریننگ کو یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ ہاتھ، پاؤں، گلے اور منہ کا انفیکشن جو کہ انتہائی متعدی بیماری ہے 4سے 5 سال کے عمر کے بچوں میں پائی جاتی ہے ایسے میں اس بیماری نے انفیکشن کی چین کو توڑنے کے لیے اسکول میں پرائمری اور پری کلاسوں کو کچھ دنوں کے لیے بند کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔








