امت نیوز ڈیسک //
بانڈی پور: شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ میں پولیس نے دو عسکریت پسند اعانت کاروں پرپبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرکے جیل بھیج دیا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بانڈی پورہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو عسکریت پسند اعانت کاروں کو پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشفاق احمد ڈار ولد عبدالمجید ڈار عرف صلاح الدین ساکن صدر کوٹ بالا پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مذکورہ اعانت کار پاکستانی زیر قبضہ کشمیر میں بیٹھے عسکریت پسندوں کے ساتھ رابطے میں تھا تاکہ بانڈی پورہ میں مقامی نوجوانوں کو عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل کرایا جاسکے۔ اُن کے مطابق عبدالمجید ڈار کو حاجن بانڈی پورہ میں سیکورٹی فورسز پر حملوں کی بھی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق دوسرا عسکریت پسند معاون وسیم احمد عرف عبید عرف اسامہ ولد عبدالغنی ملک ساکن گنڈ پورہ رام پورہ بھی پاکستانی زیر قبضہ کشمیر میں مقیم سرگرم عسکریت پسند ہاشر پرے کے ساتھ رابطے میں تھا۔
انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ ضلع میں تخریبی سرگرمیوں کو انجام دینے کی سازشیں رچانے، مقامی نوجوانوں کو عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل کرانے کے جرائم کو دیکھتے ہوئے دونوں عسکریت پسند معاونین پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔











