امت نیوز ڈیسک //
جموں:جنوبی ضلع شوپیاں کے چودھری گنڈ علاقے میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے ہاتھوں ہلاک کیے گئے کشمیری پنڈت کی آخری رسومات جموں میں ادا کی گئی۔ صوبائی کمشنر جموں، اے ڈی جی پی اور ڈپٹی کمشنر نے آخری رسومات میں شرکت کی۔ آخری رسومات میں مقامی افراد بالخصوص نوجوانوں نے شرکت کی اور نم آنکھوں سے پنڈت کو رخصت کیا۔
یواین آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ اتوار کے روز کشمیری پنڈت پورن کرشن بٹ کی بن تالاب جموں میں آخری رسومات ادا کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر جموں، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ اور ڈپٹی کمشنر جموں بھی اس موقع پر موجود رہے۔ ان کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پورن کرشن بٹ کی آخری رسومات میں شرکت کی جس دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کشمیری پنڈتوں نے کہا کہ وادی میں تعینات کشمیری پنڈت ملازموں کو فوری طور پر سیکورٹی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ مذکورہ کشمیری پنڈت نے بتایا کہ ہمیں ٹارگیٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انتظامیہ نے اس حوالے سے معنی خیز خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔
راکیش بھٹ نامی کشمیری پنڈت نے اس موقع پر بتایا کہ کشمیری پنڈتوں کو جموں میں ہی رہائشی سہولیات فراہم کی جائے کیونکہ کشمیر جانا ان کے لئے اب جان لیوا ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پورن کرشن بٹ کی ہلاکت سے پوری کشمیری پنڈت کمیونٹی گہرے صدمے میں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں جتنے بھی پنڈت ہیں انہیں فوری طورپر جموں روانہ کیا جائے۔ ایک کشمیری پنڈت نے بتایا کہ کشمیری پنڈت کی ہلاکت ناقابل برداشت ہے اور اس واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔’
(یو این آئی)










