امت نیوز ڈیسک //
پاکستان الیکشن کمیشن نے سابق پاک وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن کے 4 رکنی کمیشن نے متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹسز میں ملوث رہے، ان کے خلاف فوجداری کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
فیصلہ سناتے ہوئے کہا گیا کہ عمران خان کو جھوٹا بیان جمع کرانے پر آرٹیکل 63 ون 3 کے تحت موجودہ اسمبلی کی مدت تک کسی بھی قانون کے تحت مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) یا صوبائی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کے لیے نااہل قرار دیا گیا ہے۔
توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پی ٹی آئی کارکنوں کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔
فیصلے سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری، اسد عمرالیکشن کمیشن کی دیوار پھلانگ کے اندر داخل ہوئے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کی نااہلی کے لیے دائر کیا جانے والا توشہ خانہ ریفرنس حکمراں اتحاد کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر پاکستان اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا، جس پر 19ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔(ڈان نیوز)







