امت نیوز ڈیسک //
ٹی20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار (23 اکتوبر)کو میلبورن میں شیڈول بڑا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جہاں خراب موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات کے مطابق میلبورن میں 23 اکتوبر کو بارش کے 95 فیصد امکانات ہیں اور زیادہ دوپہر یا شام کو ہوسکتی ہے۔
روایتی حریف ٹیموں کے درمیان میچ آسٹریلیا کے مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے اور عالمی معیار کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے علاوہ ہفتے کو شیڈول میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین ہونے والا میچ بھی بارش کے زیر اثر آنے کا خدشہ ہے۔
اس سے قبل بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان برسبین میں کھیلا گیا وارم اپ میچ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا اور مسلسل بارش کی وجہ سے ایک گیند کا کھیل بھی ممکن نہیں ہوا تھا۔
اسی طرح افغانستان اور پاکستان کا وارم اپ میچ بھی اسی طرح بارش کی نذر ہوگیا تاہم اس میچ میں قومی ٹیم نے اپنی بیٹنگ مکمل کی تھی جبکہ افغان ٹیم کی اننگز نامکمل رہی تھی۔
کرک انفو کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ میں ایک میچ کے لیے 5 اوورز کا کھیل ضروری رکھا گیا ہے اور گروپ مرحلے میں میچوں کے لیے کوئی ریزرو دن نہیں ہوگا تاہم سیمی فائنل اور فائنل کے لیے اضافی دن ہوں گے۔








