امت نیوز ڈیسک //
نیپال کے دوتی ضلع میں بدھ کی الصبح 6.3 شدت کے زلزلے کی چپیٹ میں آکر گھر کے منہدم ہوجانے سے کم سے کم 6 لوگوں کی موت ہوگئی۔ بدھ کی رات قریب 2 بجے زلزلے کے تیز جھٹکے دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ نیشنل سینٹر فار سسمالوجی کے مطابق، زلزلے کی گہرائی زمین سے 10 کلومیٹر نیچے تھی۔ نیشنل سینٹر فار سسمالوجی (این سی ایس) نے نیپال کی سرحد سے لگے اتراکھنڈ کے پتھوراگڑھ سے 90 کلو میٹر جنوب مشرق میں زلزلے کا مرکز بتایا ہے۔ بدھ کو نیپال میں 24 گھنٹوں کے اندر یہ دوسرا زلزلہ ہے۔
نیپال زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا ابھی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مرنے والوں میں کم سے کم ایک خاتون اور دو بچے شامل ہیں۔ دوتی کی چیف ضلع عہدیدار کلپنا شریشٹھ نے اے این آئی کو بتایا کہ ضلع بھر میں کئی مقامات پر زمین کھسکنے سے درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ نیپال کی فوج کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تلاشی اور بچاو مہم کے لیے بھیجا گیا ہے۔











