امت نیوز ڈیسک //
اجمیر: مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے منگل کے روز اجمیر میں واقع خواجہ معین الدین حسن چشتی کی درگاہ پر حاضری لگائی۔ ممتا بنرجی سخت حفاظت میں درگاہ پہنچی، جہاں نظام گیٹ پر ان کا استقبال کیا گیا۔ وہاں سے وہ سبز رنگ کی مخملی چادر اور عقیدت کے پھولوں کے ساتھ مزار شریف پہنچیں اور منت پوری کرنے کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ دعا کی۔
ممتا بنرجی کو درگاہ کمیٹی اور انجمن کی طرف سے درگاہ کی تصویر اور تبرک پیش کیا گیا۔ بنرجی یہاں سے نزدیک میں ہی دیوان صاحب کی حویلی بھی گئیں، جہاں انھوں نے درگاہ دیوان زین العابدین سے اخلاقی ملاقات کر کے حال پوچھا۔ اس درمیان میڈیا کو دور رکھا گیا۔
اس سے پہلے مخصوص پرواز سے کشن گڑھ ہوائی اڈے پہنچی ممتا بنرجی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مغربی بنگال میں بہت سے رجستھانی مقیم ہیں اور سبھی مل جل کر رہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مغربی بنگال اور راجستھان کے لئے درگاہ میں دعا کریں گی۔
ایک سوال کے جواب میں ممتا بنرجی نے ٹی ایم سی ترجمان ساکیت گوکھلے کی گرفتاری کی مذمت کی۔ قابل ذکر ہے بنرجی 23 سال بعد درگاہ تشریف لائیں۔ وہ 1999 میں یہاں آئی تھیں۔ ان کی زیارت کے گواہ سید فرمان معینی بتاتے ہیں کہ ممتا بنرجی نے اس وقت منت مانگی تھی۔