امت نیوز ڈیسک //
سرینگر:شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ اور بانڈی پورہ کے دو ڈی ڈی سی انتخابی حلقوں میں ہوئے ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی جاری ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے سکیورٹی و دیگر انتظامات سخت کردیے ہیں۔ مذکورہ نشستوں میں بانڈی پورہ کے ہاجن اے اور کپواڑہ میں درگمولہ شامل ہے۔ ان میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والی خواتین سنہ 2020 میں ہوئے ڈی ڈی سی انتخابات میں بطور امیدوار تھیں تاہم اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ان دو خواتین کی شہریت پر سوال اٹھا کر انتخابات کو منسوخ کیا تھا اور ووٹوں کی گنتی روک دی تھی۔
سنہ 2020 میں ہاجن اے سے سومیا صدف جب کہ درگمولہ سے شاذیہ اسلم نے ڈی ڈی سی انتخابات میں بطور امیدوار حصہ لیا تھا۔ یہ خواتین کشمیر کے سابق عسکریت پسندوں کے عقد نکاح میں ہیں اور کشمیر میں مقیم ہیں۔ یہ خواتین اپنے شوہروں کے ہمراہ سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی باز آبادکاری پالیسی کے تحت کشمیر آئی تھیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ مذکورہ خواتین نے کاغذات نامزدگی میں پاکستانی شہریت کی تفصیل نہیں دی۔ اس لئے اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ان دو خواتین کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرما نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ پیر کو پولنگ کا دورانیہ صبح سات بجے سے دو بجے تک رہے گا جب کہ 8 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ گذشتہ دو ہفتوں میں ان دو حلقوں میں امیدوار اور ان کی پارٹیاں جوش و خروش کے ساتھ الیکشن مہم چلا رہی تھی۔ وہیں ضلع انتظامیہ نے ان دو حلقوں میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔