امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: ایک مقامی عدالت نے جنوبی کشمیر کے ایک معروف صحافی خالد گل کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ خالد گل کو دو روز قبل پولیس نے انکے خلاف 2017 میں درج کئے گئے ایک کیس میں گرفتار کیا تھا۔ خالد گل سرینگر سے شائع ہونے والے ایک معروف انگریزی اخبار گریٹر کشمیر کے ساتھ کئی برس تک وابستہ رہے ہیں اور اس دوران جنوبی کشمیر سے اہم واقعات کی رپورٹنگ کی ہے۔ حکام نے گزشتہ ماہ متعدد صحافیوں کو آن لائن دھمکیاں دینے سے متعلق ایک کیس میں طلب کیا تھا اور ان کی رہائش گاہوں کی تلاشی لی تھی جب کہ ان کے مصرف میں رہے الیکٹرانک آلات کو بھی تحویل میں لیا گیا تھا۔ ان صحافیوں میں خالد گل بھی شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ایک مقامی عدالت نے انہیں بدھ کی شام ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ کشمیر میں صحافیوں کو آزادانہ طور کام کرنے میں کئی رکاوٹیں حائل ہیں۔ ایک جانب مبینہ عسکریت پسندوں نے کئی صحافیوں کو دھمکیاں دی ہیں اور فہرستیں مشتہر کرکے انہیں مخبر اور سرکاری ایجنٹ قرار دیا جارہا ہے۔ دوسری جانب حکام نے بھی صحافیوں کیلئے کام کرنا مشکل بنایا ہے۔ پولیس نے کئی صحافیوں کو تھانوں پر طلب کیا ہے۔ حکام نے پریس کلب آف کشمیر کو بھی اس سال کے اوائل میں بند کردیا۔