امت نیوز ڈیسک //
گجرات اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی تاریخی جیت پر جموں وکشمیر میں بھاجپا کارکنوں نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
بی جے پی کے صدر رویندر رینا نے کہاکہ گجرات کی طرح جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات میں بھی بھارتیہ جنتاپارٹی اپنے بل بوتے پر حکومت بنانے میں کامیاب ہوگی۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جموں میں پارٹی دفتر کے باہر بی جے پی کارکنوں نے گجرات میں ملی جیت کے بعد جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران جموں وکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کہاکہ جیت کا سہرا وزیر اعظم مودی کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیرا عظم نریندر مودی کی سربراہی میں بھاجپا نے ساتویں بار گجرات میں جیت حاصل کرکے ریکارڈ قائم کیا۔انہوں نے کہا” بھاجپا نے لوگوں سے جتنے بھی وعدئے کئے اُنہیں پورا کیا گیا“۔
جموںکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے بارے میں رینا نے کہا”مجھے پورا یقین ہے کہ گجرات کی طرح ہی یہاں پر بھی بی جے پی اپنے بل پر حکومت بنانے میں کامیابی ہوگی“۔اُن کے مطابق موجودہ مرکزی حکومت نے پچھلے تین برسوں کے دوران جموں وکشمیر کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں پر تعمیر وترقی کے کام شروع کئے ۔
رینا نے بتایا کہ جموں کے ساتھ ساتھ کشمیر کے لوگ بھی بھاجپا کے ساتھ اپنی وابستگی جتا رہے ہیں اور آنے والے اسمبلی چناو میں بی جے پی کامیابیوں کے جھنڈے گارڈنے میں کامیاب ہوگی۔