امت نیوز ڈیسک //
جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں منگل کے روز سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں میاں بیوی لقمہ اجل بن گئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ میں جاٹھی کے مقام پر ایک آلٹو کار کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں میاں بیوی شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ آس پا س موجود لوگوں نے زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا ۔
شوہر کی شناخت سابق ٹی ایس او منگت رام کے بطور ہوئی ہے ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
اس دوران جموں وکشمیر کے ضلع اکھنور کے گروٹا علاقے میں اُس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب سکول بس نے کمسن طالب علم کو ٹکر ماری جس وجہ سے اُس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روز اکھنور کے گروٹا علاقے میں اسکول بس نے راہ چلتے ایک طالب علم کو ٹکر ماری جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔
انہوں نے کہاکہ آس پاس موجود لوگوں نے کمسن طالب علم کو ہسپتال پہنچایا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈرائیور کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات شروع کی گئی۔