امت نیوز ڈیسک //
ملک بھر کی طرح وادی کشمیر میں بھی اتوار کے روز چلہ کلان کی زمستانی ہواوں کے بیچ مسیحی برادری کا تہوار کرسمس مذہبی احترام و عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔
موقعے کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب سری نگر کے مولانا آزادر وڈپر واقع ہولی فیملی کیتھولک چرچ میں منعقد ہوئی جہاں صبح سے ہی مخصوص لباس میں ملبوس مسیحی برادری سے وابستہ لوگوں مردوزن اوربچوں نے حاضری دے کر عبادات میں حصہ لیا۔تہوار کے موقع پر جہاں لوگوں نے ایک دوسرے میں تحائف و مٹھائیں تقسیم کیں وہیں دعائیہ مجالس میں بھی دنیا بھر بالخصوص وادی کشمیر کی ترقی وخوشحالی اور امن و آتشستی کے لئے دعا کی گئیں۔
مولانا آزاد روڈ پر واقع چرچ میں مسلمان اور ہندو برادریوں کے لوگ بھی جمع ہوئے اور اپنے مسیحی برادری کے لوگوں کے ساتھ مل کر کر سمس کاتہوار منایا۔اس موقع پر ہولی فیملی کیتھولک چرچ کے فادر، فادر بر وٹو نے میڈیا کو بتایا که کر سمس محبت، خوشی اور آپسی بھائی چارے کا تہوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ہمیشہ سے ہی یہ تہوار انتہائی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے اور یہاں ہمارے مسلمان بھائی ہمیشہ سے ہی ہمارے ساتھ کھڑے رہ کر اس تہوار کو مناتے آ رہے ہیں۔عقیدت مند نے میڈیا کو بتایا کہ یہ امن کا تہوار ہے اور اس میں تمام مذہبوں کے لوگ شرکت کرتے ہیں اور آپس میں محبت اور اخوت کو بانٹتےہیں۔
دریں اثنا سرمائی دارالحکومت جموں میں بھی کرسمس کے موقعے پر مختلف گر جا گھروں کو پر کشش انداز سے سجایا گیا تھا اور اتوار کی صبح سے ہی گر جا گھروں میں مسیحی برادری کے لوگوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔ لوگوں نے یہاں مختلف گر جا گھروں میں جاکر عبادت کی اور ملک و جموں و کشمیر کی خوشحالی کے لئے دعائیں کیں۔ صوبہ جموں میں سب سے بڑی تقریب جموں کے گاندھی نگر میں واقع چرچ میں منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مسیحی برادری کے لوگوں نے شرکت کر کے خصوصی دعائیہ مجالس میں حصہ لیا۔