امت نیوز ڈیسک //
فوج کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز وادی کشمیر میں جنگجووں کی تعداد کم کرنے میں بڑی حد تک کامیاب ہوئے ہیں اور جو ابھی بھی موجود ہیں انہیں اسلحے کی شدید قلت کا سامنا ہے۔اس موقع پر ایس ایس پی بارہ مولہ رائیس بٹ نے بتایا کہ پہلی دفعہ کشمیر میں پاکستانی غبارے برآمد ہوئے ہیں۔بارہ مولہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران فوج کے 19انفنٹری ڈویڑن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بتایا کہ وادی بھر میں جنگجو مخالف آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت وادی کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کی تعداد بہت ہی کم ہے۔ان کے مطابق ملی ٹینٹ تنظیموں پر دباو بنائے رکھنے کی خاطر ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز جاری ہیں۔فوجی کمانڈر نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر فوج پوری طرح سے چوکس ہے اور یہ کہ دراندازی کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں بھائی چارے میں رخنہ ڈالنے کی خاطر پاکستان کی جانب سے ملی ٹینٹوں کو اس طرف دھکیلنے کی کوششیں ہو رہی ہیں تاہم فوج نے ہمسایہ ملک کے منصوبے کو ناکام بنایا۔ا±ن کے مطابق پاکستان کی جانب سے یہاں چھوٹے ہتھیار بھیجے جا رہے ہیں تاکہ عام شہریوں کو آسانی کے ساتھ نشانہ بنایا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ عام شہریوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیاں دن رات کام کر رہی ہیں اور کسی کو بھی خرمن امن میں آگ لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔فوجی کے جی او سی نے بتایا کہ وادی کشمیر میں حالات دن بدن معمول پر آرہے ہیں جبکہ امن دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔اوڑی آپریشن کے بارے میں نامہ نگاروں کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے جی او سی نے بتایا کہ گزشتہ روز سیکورٹی فورسز اور پولیس نے رام پور سیکٹر میں مشترکہ آپریشن لانچ کیا جس دوران بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قا بل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے 8اے کے 74یو رائفلیں، 24میگزین، 12چینی پستول، 24پستول میگزین، 9چینی گرینیڈس ، پانچ پاکستانی گرینیڈ، 81پاکستانی غبارے ، 560اے کے گولیوں کے راونڈ اور 244پستول راونڈ برآمد کئے۔فوجی کمانڈر نے کہاکہ حالیہ برسوں کے دوران لائن آف کنٹرول کے نزدیک یہ سب سے بڑی ہتھیاروں کی کھیپ ہے جس کو سیکورٹی فورسز نے برآمد کیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ایس ایس پی بارہ مولہ رائیس احمد نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے پہلی دفعہ وادی کشمیر میں پاکستانی غبارے برآمد کئے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے غبارے جموں صوبے کے سرحدی علاقوں میں پائے جاتے ہیں لیکن پہلی دفعہ وادی کشمیر میں پاکستانی غبارے برآمد کرنے کا مقصد یہاں پر پروپگینڈہ پھیلانا ہے۔