امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں 29 دسمبر کو جموں و کشمیر سمیت مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی جا رہی ہے جس میں جموں و کشمیر کی معاشی، اقتصادی تعمیر و ترقی، سیاحتی شعبے اور روز گار کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کاجائزہ لیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں جموں و کشمیر کی نمائندگی چیف سکریٹری ارون کمار مہتا کریں گے اور میٹنگ میں 2023-24 مالی بجٹ کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں اس میٹنگ میں مرکزی معاونت والی اسکیموں کی پیش رفت اور سیاحتی شعبے کو مزید فروغ دینے کے متعلق بھی جائزہ لیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں جموں و کشمیر میں ایک سو سے زائد جدید مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے درکار رقومات پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کو تعمیراتی پروجیکٹس کی عمل آوری، مرکزی اسکیموں کو بروئے کار لانے کے سلسلے میں دی گئی امداد کے بارے میں داخلہ سکریٹری اجے بھلا جانکاری فراہم کریں گے۔
اس میٹنگ میں سال 2023-24 کے مالی بجٹ کے بارے میں تبادلہ خیال ہوگا اور سال 2022-23 مالی بجٹ کے دوران تعمیر و ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور دیگر معاملات میں حکومت کی جانب سے واگزار کی گئی رقومات کے بارے میں چیف سیکریٹری وزیر داخلہ کے سامنے تفصیلات پیش کریں گے۔ تعمیر و ترقی کے علاوہ اس میٹنگ کے دوران جموں وکشمیرکے امن و قانون اور سیکورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
جموں کشمیر کے علاوہ لداخ، چندی گڑھ، نئی دہلی، پانڈی چری، گوا، لکشدیپ، دامن اینڈ دیع کے مرکزی زیر انتظام علاقوں کی تعمیر و ترقی اور دوسرے معاملات پر وزیر داخلہ امت شاہ میٹنگ کی صدارت کریں گے۔