امت نیوز ڈیسک //
جموں: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سربراہ اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے راہول گاندھی کی قیادت میں جاری بھارت جوڑا یاترا کی کافی ستائش کی۔ جموں میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا: ’’مہاتما گاندھی نے بھائی چارے کے لیے اپنی جان دی اور راہل گاندھی اسی جذبہ کو آگے لے جا رہے ہیں۔‘‘
پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے مزید کہا: ’’اس ملک میں گاندھی اور نہرو کی میراث اور سیکولرزم، بھائی چارہ اور جمہوریت قائم ہے۔ پچھلے 7 8 برسوں سے جمہوریت کی جڑیں بکھر رہی ہیں۔ راہل گاندھی نے ملک کو متحد کرنے کے لیے یاترا کے اہتمام کی جرات کی ہے، ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔‘‘ راہول گاندھی کی جانب سے اٹل بہاری وجپائی کو خراج پیش کیے جانے کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ ’’جمہوری ملک کی یہی خاصیت ہے کہ مخالفین، چاہے زندہ ہوں یا انتقال کر چکے ہوں، کو عزت دی جاتی ہے۔ تاہم موجودہ حکومت نے گزشتہ 8 برسوں سے اس ملک کی جمہوری جڑیں توڑ کر رکھ دی ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی ان دنوں ملک میں ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ پر ہیں اور 15 جنوری کو وہ جموں پہنچیں گے جہاں جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کے ساتھ ساتھ دیگر کئی سیاسی جماعتوں کے رہنماو ممکنہ طور پر ان کے ساتھ یاترا کا حصہ بنیں گے۔ جنوری کے اواخر میں راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا کشمیر پہنچے گی ۔