امت نیوز ڈیسک //
سرینگر:سرینگر کی یو اے پی اے عدالت نے ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) کی زیر تفتیش ایک عسکریت پسند کو مجرم قرار دیا ہے۔ عدالت نے ملزم کو عسکریت پسند تنظیم کا سرگرم رکن قرار دیتے ہوئے پندہ سال کی سزا سنائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اننت ناگ ضلع کے بجبہاڑہ علاقے کے گورن گاؤں کے عامر نبی وگے ولد غلام نبی وگے کو سرینگر کی یو اے پی اے عدالت نے آج قصوروار ٹھہرایا ہے ۔ عدالت نے ملزم کو حزب المجاہدین کا سرگرم رکن ہونے کی وجہ سے یو اے پی اے کی دفعہ 20 کے تحت 6 سال قید کی سزا سنائی ۔ عدالت نے ملزم کو غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی اسلحہ اور گولہ بارود رکھنے پر سیکشن 7/25 انڈین آرمز ایکٹ کے تحت مزید 6 سال اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور بھارت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت میں خلل ڈالنے پر سیکشن 13 UAPA کے تحت 03 سال کی سزا سنائی ہے۔واضح رہے کہ عامر وگے المعروف ابو قاسم اننت ناگ میں کالعدم عسکریت پسند تنظیم حزب المجاہدین کے ضلع کمانڈر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ملزم کو حزب المجاہدین کے مارے گئے سرکردہ کارکن برہان وانی کا قریبی ساتھی بھی سمجھا جا رہا ہے۔
عامر واگے کو جموں و کشمیر پولیس کی سی آئی کشمیر ونگ کی ایک ٹیم نے سرینگر کے صورہ میں گرفتار کیا تھا۔ سکیورٹی فروسز نے عامر وانی کے قبضے سے ایک چینی پستول سمیت چھہ لائیو راؤنڈس بھی برآمد کیے تھے۔ پولیس نے گرفتار عسکریت پسند کے خلاف سی آئی کشمیر میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 7/2017 بھی درج کیا گیا۔
پولییس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مقدمہ کی چارج شیٹ 16.05.2019 کو ٹرائل کورٹ میں داخل کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3 سال سے لڑے جانے والے مقدمے کی سماعت کے بعد عدالت نے عامر واگے کو UAPA اور آرمز ایکٹ کے تحت کئی الزامات میں قصوروار ٹھہرایا ہے اور سزا سنائی ہے۔