امت نیوز ڈیسک //
دہلی:وزیراعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرابین کے انتقال پر ملک میں غم کا ماحول ہے۔ ہیرا بین کی موت کی خبر ملتے ہی انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ متعدد سیاسی اور سماجی رہنماوں نے ٹویٹ کرکے افسوس کا اظہار کیا۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرابین کی سو سالہ جدوجہد بھری زندگی بھارتی نظریات کی علامت ہے۔ مودی نے اپنی زندگی میں ماتریدیوبھاو کی روح اور ہیرابین کے اقدار کو اپنایا۔ میں پاک روح کے سکون کے لیے دعا گو ہوں۔ اہل خانہ کے لئے میری تعزیت۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرکزی وزیر نے ٹویٹ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین کے انتقال کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا۔ ماں انسان کی زندگی کی پہلی سہیلی اور استاد ہوتی ہے جس کا کھو جانا بلاشبہ دنیا کا سب سے بڑا دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیرا بین کو خاندان کی پرورش کے لیے جس جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا، وہ سب کے لیے رول ماڈل ہے۔ ان کی لازوال زندگی ہمیشہ ہماری یادوں میں رہے گی۔ پورا ملک دکھ کی اس گھڑی میں وزیر اعظم مودی اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔ کروڑوں لوگوں کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہیرابین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ مجھے وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین کے انتقال سے بہت تکلیف ہوئی ہے۔ ماں کے انتقال سے انسان کی زندگی میں ایسا خلاء آجاتا ہے جسے پُر کرنا ناممکن ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میں وزیر اعظم اور ان کے پورے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ وہیں گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے ٹویٹ کیا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرابین کے انتقال سے بہت غمزدہ ہیں۔ ہیرابین سخاوت، سادگی، محنت اور زندگی کی اعلیٰ اقدار کی مثال تھیں۔ میں دعا کرتا ہوں کہ ایشور ان کی روح کو شانتی دے۔