امت نیوز ڈیسک //
جموں وکشمیر میں جمعرات کے روز گورو گوبند سنگھ جی کا جنم دن مذہبی جو ش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔وادی کشمیر میں جمعرات کی صبح سخت سردی کے باوجود سکھ برادری کے اراکین جو نئے کپڑے زیب تن کئے ہوئے تھے، کا گردواروں اور دوسری مذہبی مقامات پر تانتا بندھ رہا۔سری نگر میں سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی(رح) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر نذدیک میں ہی واقع ہیں۔ سکھ عقیدتمندوں کی بڑی تعداد جس میں خواتین اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، نے جمعہ کی صبح سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کیا۔اس موقع پر سکھ عقیدتمندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہمولہ، ترال، جواہر نگر، بڈگام، صنعت نگر ، برزلہ اور وادی کی دوسری مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔سری نگر کے ضلع ترقیاتی کمشنراعجاز اسد نے بھی چھٹی پادشاہی پر حاضری دی اور وہاں سکھ عقیدتمندوں کو مبارکباد پیش کی۔خطہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی گورو گو بند سنگھ جی کا جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ گردوارہ چاند نگر جموں سمیت شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ خطہ کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں میں ضلعی گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں کی جانب سے صوبہ جموں کے سبھی گوردواروں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔اس سلسلے میں سب بڑی تقریب جموں کے بی بی چاند کور گوردوارہ میں منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کرکے گوردوارہ میں ماتھا ٹیکہ اور ملک میں امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔اس موقع پر راگی جتھوں نے بھجن کرتن کر کے عقیدتمندوں کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر مقررین نے گورو گوبند سنگھ جی کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گورو گوبند سنگھ جی ایک عظیم سنت تھے اور ان کی تعلیمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔