امت نیوز ڈیسک //
سرینگر:جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومر سرینگر کے خانیار علاقے میں پولیس نے دو بھتہ خوروں کو لوگوں کو دھما کر اُن سے پیسے وصولنے پر گرفتار کیا ہے۔یہ بھی پایا گیا گرفتار شدگان ڈاﺅن ٹاﺅن میں ایک گینگ کی طرح کام کرتے تھے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ خانیار پولیس اسٹیشن میں ایک شخص نے تحریری طور پر شکایت درج کی کہ دو افراد اُس سے رہائشی مکان کی تعمیر کی خاطر پیسوں کا تقاضہ کر رہے ہیں۔
شکایت موصول ہونے کے بعد خانیار پولیس نے ارباز ایوب خان ولد محمد ایوب خان ساکن خواجہ پورہ سعید پورہ رعناواری اور سمیر احمد آہنگر ولد بشیر احمد آہنگر ساکن عقلمیر خان کی گرفتاری عمل میں لائی ۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان نے شکایت کنندہ کو دھمکی دی کہ وہ پانچ لاکھ روپیہ ادا کرئے بصورت دیگر اُس سے رہائشی مکان تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اُن کے مطابق شکایت کنندہ نے مجاز اتھارٹی سے رہائشی مکان کی تعمیر کی خاطر باضابط طور پر پرمشن حاصل کیا تھا لیکن اس کے باوجود مذکورہ افراد اُس کو ڈرا دھمکا رہے تھے۔
موصوف ترجمان کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر 2/2023 کے تحت کیس درج کرکے دونوں کو حراست میں لیا۔ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ گرفتار شدگان دوسرے ساتھیوں کی مدد سے ڈاون ٹاون خانیار میں ایک گینگ کی طرح کام کر تے تھے ۔
اُن کے مطابق گینگ میں شامل افراد خاص طورپر رہائشی اور کمرشل عمارتیں تعمیر کرنے والوں کو ڈرا دھمکا کر اُن سے پیسے اینٹھ لیتے تھے اور اپنے آپ کو بااثر لوگوں کے ساتھ رابطے ہونے کا حوالہ دیتے تھے۔ مقامی لوگوں نے پولیس کی اس بروقت کارروائی کو خوب سراہا ہے۔پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ بھتہ خوروں ، جعلسازوں کے بارے میں پولیس کو فوری طورپر مطلع کریں تاکہ اُن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔