امت نیوز ڈیسک //
راجوری: جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے ڈانگری علاقہ میں گزشتہ دنوں ہوئے حملے میں پوچھ گچھ کے لیے راجوری کے مختلف علاقوں سے کم از کم 15 افراد کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔ حراست میں لیے گئے افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ ان مشتبہ افراد کو شک کی بنیاد پر پولیس نے حراست میں لیا ہے۔
ضلع پولیس کےمطابق کچھ لوگوں کو شک کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے مزید لوگوں کو حراست میں لیا جائے گا تاکہ اس حادثے میں ملوث افراد کو جلد بے نقاب کیا جائے۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ہر طرح کے اقدامات کررہی ہے تاکہ جلد از جلد قصورواروں کو گرفتار کرکے انہیں سخت سزا دی جائے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں ایک مشتبہ عسکریت پسندوں کے حملے میں چار لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ اتوار (1 جنوری 2023) کی شام کو ہونے والے اس حملے میں نو دیگر افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ وہیں پیر کے روز (2 جنوری 2022) کو اسی جگہ پر ایک مشتبہ دھماکہ ہوا جہاں ایک روز قبل عسکریت پسندوں کا حملہ ہوا تھا، جس میں دو کمسن بچوں کی موت ہوگئی تھی۔ اس دوران جموں و کشمیر کی کئی سیاسی جماعتوں نے اس حملے کی شدید مذمت کی تھی۔