امت نیوز ڈیسک //
ڈوڈہ ضلع میں ایک چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے، جس میں ایک شخص نے انشورنس فوائد حاصل کرنے کے لیے اپنی اہلیہ اور بیٹی کی موت کے ساتھ ساتھ اپنی موت کی جھوٹی کہانی رچی اور بعد میں پورے خاندان کے ساتھ زندہ پکڑا گیا۔ پولیس زرائع کے مطابق، ملزم جس کی شناخت منجیت سنگھ کے طور سے ہوئی ہے، نے اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ مل کر ایک سڑک حادثے میں فوت ہونے کی جھوٹی کہانی ریچ کر ہریانہ فرار ہو گیا، حادثہ کے بعد ضلع ڈوڈہ میں دریائے چناب میں تلاشی آپریشن کیا گیا تا ہم حادثہ کا شکار ہوئی گاڑی تو مل گئی، لیکن اس میں سوار افراد کا سراغ نہ ملا، جنہیں تلاش کرنے کے لئےکئی روز تک دریائے چناب میں ریسکیو آپریشن چلایا گیا۔ بعد ازاں، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور اس حادثے میں استعمال ہونے والی کار کا پتہ لگانے میں کامیاب ہو گئی۔ یہ معاملہ اس وقت حل ہو گیا جب حکام نے اس کے الیکٹرانک دستخطوں کا سراغ لگایا اور اسے ہریانہ میں اس کے پورے خاندان کے ساتھ پکڑ لیا جہاں وہ اپنے بیمہ کی رقم کا انتظار کر رہاتھا۔
معلومات کے مطابق، سنگھ کو مالی بے ضابطگیوں کا سامنا تھا اور اسے چیک باونس کیس میں قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ 30لاکھ روپے کا قرض بھی ادا کر نا تھا۔
پولیس نے اسے گر فتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔