امت نیوز ڈیسک //
راجوری کے بال جرالن گاوں میں ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کے ممبران میں اسلحہ تقسیم کیا گیا ۔
بتادیں کہ ڈانگری گاوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کے حملے میں سات عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد علاقے کے لوگوں نے ایل جی منوج سنہا نے وی ڈی سی ممبران کو پھر سے فعال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق راجوری ضلعی انتظامیہ نے متعدد گاوں میں ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کو پھر سے فعال کیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ڈانگری کے بعد انتظامیہ نے راجوری کے بال جرالن گاوں میں بھی وی ڈی سی ممبران میں اسلحہ تقسیم کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ گاوں ڈانگری سے چار کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے ۔
ضلع انتظامیہ راجوری نے لوگوں کو یقین دلایا کہ عوام الناس کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر نہ صرف اضافی پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہیں بلکہ وی ڈی سی ممبران کو بھی جدید اسلحہ سے لیس کیاجارہا ہے۔
وی ڈی سی ممبران کو ہتھیار فراہم کرنے کے موقع پر ضلعی آفیسران نے لوگوں کو یقین دلایا کہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سبھی وی ڈی سی ممبران کو جدید ہتھیار فراہم کرنے کا فیصلہ لیا گیا اور اس پر سختی کے ساتھ عملدرآمد بھی ہو رہا ہے۔