امت نیوز ڈیسک //
سوموارکو شام دھیر گئے بمنہ سرینگر میں آگ کی ایک بھیانک واردات رونماءہوئی ہے جس کے نتیجے میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق سرینگر کے بمنہ علاقے میں الفارق کالونی میں سوموار کی شام کو ایک رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آناًفاناً پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ادھر ذرائع نے بتایا کہ آگ کے شعلے بھڑکنے اٹھنے کے ساتھ ہی مقامی لوگوں ، پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ لگنے کی وجہ سے رہائشی مکان خاکستر ہوا جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان بشمول نقدی ، زیورات اور قیمتی سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا ہے ۔ آگ لگنے کی وجہ فوری طو رپر معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔ ادھر پولیس نے اس ضمن میں رپورٹ درج کرلی ہے۔