امت نیوز ڈیسک / /
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے پیشگوئی کی ہے کہ دنیا درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کے ہدف کو حاصل نہیں کرسکے گی۔
خیال رہے کہ 2015 میں پیرس میں ہونے والے ماحولیاتی معاہدے میں دنیا بھر کے رہنماؤں نے عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔
دنیا کے امیرترین افراد میں شامل بل گیٹس کس اسمارٹ فون کو استعمال کرتے ہیں؟
بل گیٹس نے سوشل میڈیا سائٹ ریڈیٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہم 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے ہدف کو حاصل نہیں کرسکیں گے مگر اس حوالے سے ہونے والے کام میں کافی تیزی آئی ہے۔
بل گیٹس سے قبل اکتوبر 2022 میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بھی کہا گیا تھا کہ درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا ہدف حاصل کرنا لگ بھگ ناممکن ہے۔
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ناقص کوششوں کی وجہ سے انسانی حالات میں بہتری کے لیے ہونے والی پیشرفت بھی سست رفتار ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے کچھ حصوں میں 10 فیصد سے زیادہ بچے 5 سال کی عمر سے پہلے ہلاک ہوجاتے ہیں جبکہ 30 فیصد سے زیادہ افراد کو مناسب مقدار میں خوراک دستیاب نہیں۔
بل گیٹس نے کہا کہ ‘تمام تر حالات کے باوجود مجھے اب بھی یقین ہے کہ ہم بھیانک نتائج سے بچ سکتے ہیں’۔
خیال رہے کہ بل گیٹس نے ایک جوہری کمپنی ٹیرا پاور کی بنیاد رکھی ہے جبکہ بریک تھرو انرجی نامی کمپنی کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لیے متعدد جدید ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کی ہے۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں پر ایک کتاب بھی تحریر کی ہے۔
بل گیٹس نے مصنوعی گوشت کی تیاری کے لیے بھی متعدد کمپنیوں کو سرمایہ فراہم کیا ہے۔
بل گیٹس اب دنیا کو لاحق کس خطرے کی روک تھام کیلئے کام کررہے ہیں؟
انہوں نے بتایا کہ مصنوعی گوشت سے تیار ہونے والی مصنوعات کا شیئر تو ابھی نہ ہونے کے برابر ہے مگر یہ گوشت کے متبادل ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی بہتری کے لیے اہم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی حالات کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ماحول دوست مصنوعات سستی ہوں، یہی واحد راستہ ہے جس سے ہم دنیا بھر کے ممالک سے تبدیلی لانے کا مطالبہ کرسکتے ہیں، اگر ان مصنوعات کی لاگت زیادہ ہو تو ہم کامیاب نہیں ہوسکتے۔
بل گیٹس نے کہا کہ ہر فرد موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کی روک تھام کے لیے کردار ادا کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘آپ ایک ووٹر، خریدار اور ایک ورکر ہیں، ان تمام کرداروں میں آپ اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں’۔