امت نیوز ڈیسک //
سرینگر / یو نئی مٹن ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے بینر تلے درجنوں قصابوں نے پیر کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر اپنے مطالبات کولے کر احتجاج درج کیا۔ احتجاجی ہمارے ساتھ انصاف کرو جیسے نعرے لگارہے تھے۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر محمد سلیم میر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا: ‘ہماری دکانیں روز بروز سیل ہو رہی ہیں، وہ بھی بنا بتائے،کبھی بولتے ہیں لائسنسز کا مسئلہ ہے تو کبھی بولتے ہیں ریٹ کا معاملہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سال پہلے ہمارے ساتھ 535 روپیسے فی کلوریٹ مقرر ہوئی ہے تب سے اس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ ہم اس ضمن میں متعلقہ حکام کے پاس بھی گئے۔موصوف صدر نے کہا کہ اب ہمارے کنبوں پر اس کا اثر پڑنے لگا ہے۔ انہوں نے کہا: اگر ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا تو ہم اپنے کنبوں کو لے کر بھوک ہڑتال سے بیٹھیں گے۔ ان کا سوالیہ انداز میں کہنا تھا : ہماری دکانیں سیل کیوں کی جارہی ہیں ریٹ مقرر کریں جو قانون دلی ، لداخ یا جموں میں ہے وہ یہاں کشمیر میں کیوں نہیں ہے’ ۔محمد سلیم نے کہا کہ اس طبقے سے دو ڈھائی لاکھ لوگ جڑے ہوئے ہیں جن سب کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے۔