امت نیوز ڈیسک //
کٹھمنڈو: یتی ایرلائنز کے طیارہ کا بلیک باکس‘ مقام حادثہ سے پیر کے دن برآمد ہوا۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ 4لاپتہ افراد کی تلاش تیز کردی گئی ہے۔
اتوار کے دن یہ نیپالی طیارہ ریسارٹ سٹی پوکھارا کے نئے ایرپورٹ میں لینڈنگ کے دوران دریائی کھائی میں گرکر تباہ ہوگیا تھا۔ طیارہ میں سوار 72 افراد میں 68 ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں 5 ہندوستانی شامل ہیں۔
بلیک باکس (کاک پٹ وائس ریکارڈر اور فلائٹ ڈاٹا ریکارڈر) کو نپیال کے شہری ہوابازی حکام کو سونپ دیا گیا۔
اسی دوران کٹھمنڈو کے تری بھون یونیورسٹی ٹیچنگ ہاسپٹل سے ایک میڈیکل ٹیم ذریعہ طیارہ لائی گئی جو پوکھارا کے ویسٹرن ریجنل ہاسپٹل میں نعشوں کا پوسٹ مارٹم کرے گی۔
عہدیداروں کا کہنا ہے کہ 68کے منجملہ 35 نعشوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ نیپال نے آج ایک روزہ سوگ منایا۔