بڈگام: جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام کے کورٹ کمپلیکس کے قریب عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ہوئے تصادم میں دو عسکریت پسند جاں بحق ہوئے ہیں۔ اس کی جانکاری کشمیر پولیس زون نے ایک ٹویٹ کے زریعے دی، "مخصوص ان پٹ پر، فوج اور پولیس کی مشترکہ ایریا ڈومینیشن پارٹی نے ایک مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، عسکریت پسندوں نے اس پر فائرنگ کی اور جوابی کارروائی میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔ اسلحہ / گولہ بارود برآمد ہوا۔ ”
واضح رہے کہ بڈگام ضلع میں گزشتہ روز ماگام علاقے کے رڈبگ گاؤں میں سکیورٹی فورسز نے تلاشی مہم شروع کی تو اچانک ان پر یہاں چھپے عسکریت پسندوں نے گولیاں چلائیں، جس کے بعد انکاؤنٹر شروع ہوگیا تھا۔ذرائع نے بتایا تھا کہ اس سے قبل فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے رڈبگ اور ملحقہ علاقوں کو صبح سے ہی محاصرہ میں لے لیا تھا اور ان علاقوں میں داخلے اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا تھا اور ساتھ ہی راہ گیروں سے پوچھ گچھ کی جارہی تھی۔ بتایاجارہا تھا کہ ان علاقوں میں عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت کے بارے میں اطلاعات ملی تھی جس کے بعد یہ کاروائی انجام دی گئی۔










