امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: ملک آج اپنا 74 واں یوم جمہوریہ منا رہا ہے۔ اس موقع پر کرتویہ پتھ پر شاندار پریڈ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ پریڈ میں مختلف تھیم کی جھانکیاں نظر آ رہی ہیں۔ اس سال مصری صدر عبد الفتح السیسی یوم جمہوریہ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کر رہے ہیں۔
دریں اثنا، وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو 74 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر تمام ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے آزادی پسندوں کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے متحد ہو کر آگے بڑھنے کی خواہش کی۔
وزیر اعظم مودی نے ٹوئٹ کیا ’’یوم جمہوریہ کی بہت سی نیک خواہشات۔ اس بارکا یہ موقع اس لیے بھی خاص ہے کہ ہم اسے آزادی کے امرت مہوتسو کے دوران منا رہے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ ہم ملک کے عظیم آزادی پسندوں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھیں۔‘‘
وہیں، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج 74 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر تمام ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے آزادی پسندوں، آئین سازوں اور بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کیا۔
امت شاہ شاہ نے ٹوئٹ کیا ’’74ویں یوم جمہوریہ پر تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ آج، میں ان تمام آزادی پسندوں، آئین سازوں اور بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک کو آزاد کرانے، مضبوط بنانے اور اس کی حفاظت کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دی ہیں۔‘‘
ایک اور ٹویٹ میں وزیر داخلہ نے سب کو بسنت پنچمی کی مبارکباد بھی دی۔ انہوں نے کہا ’’بسنت پنچمی کے پرمسرت تہوار پر سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ علم، حکمت اور صوابدید کی دیوی ماں سرسوتی، آپ سب کی زندگیوں کو علم کی روشنی سے منور کرے۔‘‘