امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: آج جموں و کشمیر میں پُرامن طریقے سے یوم جمہوریہ کی 74ویں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی اور تاریخی گھنٹہ گھر پر سخت سکیورٹی کے درمیان قومی ترنگا لہرایا گیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سیکرٹری اشوک کول نے کہا کہ آج وادی میں سب کچھ معمول پر ہے۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر تمام بھارتیوں کو میں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ بھارت جمہوریت کی ماں ہے اور یہ بات پوری دنیا مانتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر تمام بھارتیوں کو قومی جھنڈا پھیرانا چاہیے۔ میں نے آج سب کی طرف سے گھنٹہ گھر پر قومی ترنگا لہرایا۔ میں کانگریس کو کہنا چاہوں گا کہ وہ پی اے جی ڈی کے رہنما کو بھی جھنڈا دے اور انہیں لہرانے کے لئے کہے۔ ہم راہل گاندھی کو بھی کہتے ہیں کہ وہ بھی آئیں اور گھنٹہ گھر پر جھنڈا لہرائیں۔ وہیں گجرات سے آئے کئی سیاحوں نے بھی آج گھنٹہ گھر پر جھنڈا لہرانے کی تقریب میں شرکت کی، انہوں نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت مانتے ہیں کیونکہ اُنہیں کشمیر میں یوم جمہوریہ بنانے کا موقع ملا اور وادی سب کے لیے کافی محفوظ ہے۔
واضح رہے کہ آج جموں و کشمیر سمیت ملک بھر میں یوم جمہوریہ کی پُرجوش تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ یوم جمہوریہ کے پیش نظر انتظامیہ نے جموں و کشمیر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر سرینگر اور دیگر اضلاع میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے، اگرچہ پولس انتظامیہ نے کہا تھا کہ آج کے دن کوئی بندش نافذ نہیں رہے گے۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر وادی کشمیر میں علیحدگی پسندوں کی جانب سے ہڑتال کی کال دی جاتی تھی تاہم پانچ اگست 2019 کے بعد یہ سلسلہ بند ہوا ہے، کسی بھی بند کال کے برعکس آج سرینگر اور دیگر اضلاع میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے۔ وہیں سرکاری تعطیل ہونے کے سبب بھی آج سڑکوں پر ٹریفک کم رہی اور بازار خالی تھے۔ سرینگر کے علاوہ دیگر نو اضلاع کے صدر مقامات پر یوم جمہوریہ کی تقاریب منعقد کی گئی۔ ان تقاریب کے انعقاد کے لیے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔