امت نیوز ڈیسک //
وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی ترقی کے لئے متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان دنیا کے ہر اسٹیج پر اپنی بات ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہے اور دوسرے ممالک پر اس کا انحصار بھی کم ہو رہا ہے لیکن ہمیں اپنے عزم کو ثابت کرتے ہوئے ہندوستان کے تئیں دنیا کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔ مودی آج بھیلواڑہ کے آسیند ضلع کے مالا سیری ڈونگری میں بھگوان دیو نارائن کے 1111 ویں اوتار کے دن پر منعقد ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بھگوان دیو نارائن کے پیغامات اور تعلیمات کو آگے بڑھانے کی ضرورت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ گجر برادری کی نئی نسل کے نوجوانوں کو بھگوان دیو نارائن کے پیغامات اور تعلیمات کو طاقت کے ساتھ آگے بڑھانا چاہیے۔ اس سے گجر برادری با اختیار ہو گی اور ملک کو آگے لے جانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ 21 ویں صدی کا یہ دور ہندوستان اور راجستھان کی ترقی کے لیے اہم ہے۔ ہمیں متحد ہو کر ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا بڑی امیدوں کے ساتھ ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے ، ہندوستان نے جس طرح اپنی طاقت دکھائی ہے اس سے بہادروں کی سر زمین کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کے ہر بڑے پلیٹ فارم پر ڈنکے کی چوٹ کہتا ہے اور دوسرے ممالک پر اپنا انحصار کم کر رہا ہے۔ جو بھی ملک کے خلاف ہو ہمیں اس سے دور رہنا ہے اوراپنے عزم کو ثابت کرتے ہوئے دنیا کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ” مجھے یقین ہے کہ بھگوان دیو نارائن کے آشیر واد سے ہم سب یقینی طور پر کامیاب ہوں گے۔ سب مل کر محنت کریں گے اور کامیابی سب کی کوششوں سے ملے گی۔ ثقافت کی خدمت میں گجر برادری کی بہنوں اور بیٹیوں کے عظیم تعاون کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک کی بد قسمتی ہے کہ ایسے لا تعداد جنگجووں کو وہ عزت نہیں مل سکی جو انہیں ملنی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا نیا ہندوستان پچھلی دہائیوں کی ان غلطیوں کو بھی سدھار رہا ہے اور جن لوگوں نے ہندوستان کی ترقی اور ہندوستان کی ثقافت کو مضبوط بنانے میں تعاون کیا ہے انہیں سامنے لایا جارہا ہے۔