واشنگٹن: امریکا میں چین کے غبارے کی موجودگی پر امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے دورہ چین منسوخ کردیا۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فضاؤں میں چین کے مبینہ جاسوس غبارے کی موجودگی کے واقعے کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے امریکی وزیردفاع کا چین کا دورہ ملتوی کیا گیا ہے۔ وزیردفاع کا دورہ چین پہلے سے طے شدہ تھا۔ امریکی فضائی حدود میں انتہائی بلندی پر چین کے گرم گیس کے غبارے کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق چینی غبارہ حساس علاقے میں جاسوسی کررہا تھا۔ دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی کہ غبارہ چین کا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ غبارہ بنیادی طور پر ایک ائیر شپ ہے جو موسم سے متعلق تحقیق کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ چینی ترجمان کے مطابق ائیر شپ طے شدہ راستے سے بھٹک کرغیر ارادی طور پر امریکی فضائی حدود میں داخل ہوئی جس پر افسوس ہے۔ اس معاملے پر امریکا سے بات چیت جاری رکھیں گے۔ پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بدھ کے روز شمال مغربی ریاست مونٹانا کے اوپر غبارہ دکھائی دیا تھا۔ اس علاقے میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کی لانچنگ اور دیکھ بھال کرنے والے ایئر فورس کے تین مراکز میں سےایک واقع ہے۔ غبارے کی موجودگی پر مونٹانا کے بلنگز ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک کو مختصر عرصے کے لیے روک دیا گیا تھا اورغبارے کا کھوج لگانے کے لیے امریکی جنگی طیاروں کو بھیجا گیا تھا۔