امت نیوز ڈیسک //
کشمیر کے دیہی علاقوں سے فوج کی واپسی کو یقینی بنانے کے لئے مرکز میں ایک تجویز زیر گور ہے۔
جموں و کشمیر پریس سروس مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق نئی دہلی سے سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کے حکام کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حکومت ہند وادی کے دیہی علاقوں سے مرحلہ وار انداز میں فوج کو مکمل طور پر واپس بلانے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق مرکز کا ماننا ہے کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے تقریباً ساڑھے تین سال بعد عسکریت پسند کاروائیوں میں کمی کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس نے مرکزی وزارت دفاع، مرکزی وزارت داخلہ، فوج اور پولیس سمیت حکام کو فوج کے انخلا کے امکان پر بات چیت کرنے پر مجبور کیا ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اگر یہ تجویز پوری ہوتی ہے تو فوج صرف لائن آف کنٹرول پر تعینات ہوگی جبکہ وادی میں عسکریت متعلق کاروائیوں اور امن و امان کو برقرار رکھنے میں سی آر پی ایف کا رول رہے گا۔









