امت نیوز ڈیسک //
پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی بھانجی فاطمہ بھٹو کے نکاح کی تقریب کراچی میں فیملی کی رہائش گاہ 70 کلفٹن میں منعقد ہوئی۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی نواسی اور بے نظیر بھٹو کی بھانجی فاطمہ بھٹو شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ فاطمہ بھٹو کے بھائی ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے شیئر کی گئی معلومات کے مطابق مرتضیٰ بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ کے نکاح کی تقریب کراچی میں فیملی کی رہائش گاہ 70 کلفٹن میں ہوئی۔
ذوالفقار علی بھٹو نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ‘ہمارے والد شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور بھٹو خاندان کی جانب سے مجھے خوشخبری سناتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ میری بہن فاطمہ اور گراہم کی شادی گزشتہ روز ہمارے گھر 70 کلفٹن میں ہوئی، یہاں نکاح کی تقریب منعقد کی گئی۔ بتا دیں کہ فاطمہ کے شوہر گراہم بائرا ایک امریکی ہیں۔ انہوں نے شادی سے پہلے اسلام قبول کر لیا تھا۔ گراہم نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام جبران رکھا ہے۔انہوں نے جوڑے کے لیے دعاؤں کی بھی اپیل کی۔ فاطمہ بھٹو نکاح کی تقریب کے دوران سادہ انداز میں نظر آئیں۔ انہوں نے سفید سوٹ کا انتخاب کیا تھا۔ ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق فاطمہ 29 مئی 1982 کو پیدا ہوئیں۔ انہوں نے کئی کتابیں لکھی ہیں، جن میں ‘سونگز آف بلڈ اینڈ سوارڈ’ کے عنوان سے ایک یادداشت بھی ہے، جس میں ان کے خاندان کی سیاسی تاریخ کی کہانی بیان کی گئی ہے۔










