امت نیوز ڈیسک //
لندن: ہندوستان کا آئی سی سی ٹرافی جیتنے کا خواب ایک بار پھر چکنا چور ہوگیا۔ آسٹریلیا نے اتوار کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل میں ہندوستان کو 210 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
آسٹریلیا نے ہندوستان کے سامنے 444 رنز کا بڑا ہدف دیا جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم پانچویں دن 234 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا آئی سی سی کے تمام ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
آسٹریلیا کی فتح میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے نیتھن لیون نے دوسری اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسکاٹ بولانڈ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ مچل سٹارک کو دو جبکہ کپتان پیٹ کمنز کو بریک تھرو ملا۔
اس سے قبل ٹریوس ہیڈ (163) اور اسٹیو اسمتھ (121) نے پہلی اننگز میں سنچریاں بنا کر آسٹریلیا کی فتح کی بنیاد رکھی۔