امت نیوز ڈیسک //
جموں (جموں و کشمیر) :مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی 23 جون کو جموں میں منعقد ہونے والی ریلی کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ یہ ریلی بھگوتی نگر، جموں میں واقع چوتھے پل کے متصل گراؤنڈ میں منعقد کرنے کی تجویز ہے۔ اس ریلی میں ریاستی بی جے پی کی جانب سے ہزاروں لوگوں کو جمع کرنے اور ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
بی جے پی ریاستی صدر رویندر رینہ نے پارٹی لیڈران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور ریلی کے کامیاب انعقاد کے حوالہ سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر رینہ نے پارٹی کارکنان و لیڈران سے جموں میں سماج کے مختلف طبقات کے ساتھ میٹنگز منعقد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے وکرز سے چھوٹے گروپس کی صورت میں عوام سے بات چیت کرنے پر زور دیا تاکہ ریلی کے لئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اکٹھا کیا جا سکے اور سماج کے تمام طبقات کے لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔پارٹی میٹنگ کے دوران رینہ نے کہا کہ ’’بی جے پی خاص کر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ جموں و کشمیر کے امن و ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ فکر مند رہتے ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیر داخلہ سے ملاقات کرنے اور ان کی بات سننے کے لیے ایک بہت بڑا ہجوم جمع ہوگا۔‘‘ رینہ نے گزشتہ برس سرحدی ضلع راجوری میں منعقدہ ریلی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا: ’’جموں و کشمیر کی عوام امیت شاہ سے بے حد محبت کرتی ہے راجوری عوام نے اس بات کا عملی طور ریلی میں شرکت کرکے مظاہرہ کیا۔ اسی طرح جموں میں منعقدہ ریلی کے دوران بھی جوق در جوق لوگ شریک ہوں گے۔‘‘ بی جے پی کی جانب سے میٹنگ میں ریاستی نائب صدر شام لال شرما، سرجیت سنگھ سلاتھیا، چندر پرکاش گنگا، یودھویر سیٹھی سمیت دیگر لیڈران و کارکنان موجود تھے۔