امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 27جولائی:جموں وکشمیر پولیس نے بارہمولہ میں حراست سے رہا کرانے کے لئے رقم کا مطالبہ کرنے کے الزام میں کونسلر سمیت2 مبینہ بھتہ خوروں کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تیسرا ملزم گرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش ہو گیا جس کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔ پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 27جولائی کے روزاشفاق احمد شیخ ولد غلام محمد شیخ ساکن لوکی پورہ کھاگ نے پولیس اسٹیشن بارہ مولہ میں ایک درخواست درج کی جس میں کہا گیا کہ اس کا بھائی اطہر علائی شیخ سال 2022 سے قتل کے الزام میں زیر حراست ہے۔
انہوں نے کہا: ‘درخواست میں کہا گیا کہ تین افراد عاشق حسین گنائی عرف عاشق ایم ایل اے ولد غلام محمد گنائی ساکن خواجہ باغ بارہ مولہ، منظور احمد بٹ ولد علی محمد بٹ ساکن کانلی باغ بارہ مولہ اور عاشق حسین لون ساکن بانڈی پورہ ، جنہوں نے ایک سیاسی جماعت کے ساتھ وابستہ ہونے کا دعویٰ کیا، نے بھائی کو حراست سے رہائی کے لئے پانچ لاکھ روپیہ کا مطالبہ کیا۔موصوف ترجمان کے مطابق شکایت کنندہ نے بتایا کہ اس نے بھائی کو حراست سے رہا کرانے کے لئے زمین بیچ کر مذکورہ افراد کو پانچ لاکھ روپیہ فراہم کئے ، تاہم انہوں نے کام نہیں کیا جس کے بعد درخواست گزار نے ملزمان سے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا۔ملزمان نے شکایت کنندہ سے مزید رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر وہ رقم ادا کرنے سے قاصر رہا تو اسے سنگین نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہنا پڑے گا اور یہ کہ زیر حراست بھائی کے خلاف مزید مقدمات درج کرائے جائیں گے۔
تحریری شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 152زیر دفعات 506,420,384آر پی سی کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لا کر دو ملزمان عاشق گنائی عرف عاشق ایم ایل اے (حاضر سروس کونسلر )اور منظور بٹ ساکن بارہ مولہ کو حراست میں لیا ہے۔پولیس نے تیسرے ملزم عاشق حسین لون کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے جو گرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بارہمولہ پولیس ہر قسم کے کورپشن کی بیخ کنی کے لئے پر عزم ہے۔قابل ذکر ہے کہ یہ بھتہ خوری کا دوسرا ریکیٹ ہے جسے بارہمولہ پولیس نے گزشتہ ایک ماہ میں بے نقاب کیا ہے۔بارہ مولہ پولیس نے عوام الناس سے مودبانہ اپیل کی ہے کہ شہری ایسی کسی بھی شکایت کے بارے میں براہ راست ایس ایس پی بارہ مولہ کو فون نمبر 7051000999پر اطلاع دے سکتے ہیں۔(یو این آئی)