امت نیوز ڈیسک //
جموں وکشمیر کے چیف سکریٹری ارن کمار مہتا کا کہنا ہے کہ سری نگر ملک کے خوبصورت ترین شہروں میں سے ایک شہر بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت بہت سارے کام مکمل ہوئے ہیں او باقی کام بھی مکمل ہو رہے ہیں۔
موصوف چیف سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘وزیر اعظم نریندر مودی جی نے جو پنچ پرن کا منترا دیا اس میں یہ پیغام ہے کہ ملک اور جموں وکشمیر کو ترقی یافتہ بنایا ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہمیں غلامی سے باہر نکلنا ہے اور ہمیں اپنی روایات پر فخر ہونا چاہئے’۔
یوم آزادی کی تیاریوں کے بارے میں مسٹر مہتا نے کہا: ‘اچھا جشن ہوگا، تمام تر تیاریاں کی گئی ہیں’۔
سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری کاموں کے متعلق پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘اس پروجیکٹ کے بہت سارے کام مکمل ہوئے ہیں، جی ٹونٹی سر براہی اجلاس سے پہلے ہی کئی کام مکمل ہوئے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘لالچوک جس کو سری نگر سکوائر یا سری نگر پلازہ کا نام بھی دیتے ہیں، کا کام ، گھنٹہ گھر اور جھیل ڈل کے کنارے پر سائیکل ٹریک بھی یوم آزادی سے پہلے ہی مکمل ہوں گے’۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر ملک کے سب سے خوبصورت شہروں میں سے ایک شہر بن جائے گا۔(یو این آئی)