امت نیوز ڈیسک //
سرینگر:لوک سبھا الیکشن سے قبل کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے پارٹی کی سب سے بڑی پالیسی ساز ادارہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی نئی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی کے ارکان میں سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، منموہن سنگھ، ادھیر رنجن چودھری ،ششی تھرور ،سچن پائلٹ اور پی چدمبرم کے نام شامل ہیں۔ اس نئی کمیٹی میں جموں و کشمیر کے دو سینیئر رہنماؤں نے جگہ بنا لی ہے۔ ان رہنماؤں میں طارق حمید کرہ جو پہلے سے مستقل مدعو بنے ہوئے ہیں، کے علاوہ جموں و کشمیر پردیش کانگریس پارٹی کے سابق صدر غلام احمد میر شامل ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق سی ڈبلو سی میں ایک سیٹ ہمیشہ غلام نبی آزاد کو ہوتی تھی تاہم ان کے استعفیٰ کے بعد یہ جگہ غلام احمد میر کو مل گئی۔
وہیں غلام احمد میر نے قومی سطح پر کانگریس پارٹی کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز باڈی کے رکن بنے پر کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ایک دور دراز علاقے سے تعلق رکھنے والے نچلی سطح کے کارکن کے لیے سی ڈبلو سی میں شامل کرنا واقعی ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ کانگریس کی اعلیٰ کمان نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر مجھے خوشی ہوئی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "میں اپنی پارٹی ہائی کمان کو یقین دلاتا ہوں کہ میں مزید لگن کے ساتھ کام کروں گا اور اپنی صلاحیت کے مطابق پارٹی کی خدمت کروں گا۔”