امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ: جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں پولیس نے ایک سوشل میڈیا صارف کو ملک دشمن سرگرمیوں کی پاداش میں گرفتار کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص فیس بک پیج "پلوامہ نیوز” کے ذریعے ملک مخالف سرگرمیوں کی تشہیر کرنے اور عام لوگوں کو تشدد پر اکسانے کا کا کام کررہا تھا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس کی نوٹس میں یہ معاملہ سامنے آیا کہ "پلوامہ نیوز” کے نام سے ایک جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلا یا جارہا ہے اور اس نے کوکرناگ تصادم میں مارے گئے عسکریت پسندوں کی ویڈیوز اور تصاویر اپ لوڈ کیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ فیس بک پیج ملک مخالف سرگرمیوں کو فروغ دینے اور عوام میں خوف ہراس پھیلانے کے لئے تشکیل دیا گیا تھا جس سے ملک کی یکجہتی ، سالمیت اور خود مختیاری کو شدید خطرات لاحق ہو گئے تھے۔پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 98کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
موصوف ترجمان کے مطابق تحقیقات کے دوران فیس بک پیج پلوامہ نیوز کے ایڈمن کی شناخت عاشق احمد خان ولد بشیر احمد خان ساکن نلورہ خان محلہ کے بطور ہوئی اور اس کی فوری طور پر گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور ایسے شر پسندوں کو پکڑنے کی خاطر پولیس کو اپنا دست تعاون فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں ہم سبھی ایک صف میں کھڑے ہیں اور تمام شہریوں کے پر امن ، محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لئے کوشاں ہے۔