امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: آپ ایم پی سنجے سنگھ کو بدھ (4 اکتوبر) کو ای ڈی نے گرفتار کرلیا۔ ای ڈی نے دہلی شراب کی پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں کل صبح چھاپے مارنے شروع کر دیے تھے۔ پارٹی نے سنجے سنگھ کے خلاف کاروائی کو سیاسی قرار دیا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آئیں گے، تمام ایجنسیاں جیسے ای ڈی، سی بی آئی، محکمہ انکم ٹیکس اور پولیس متحرک ہو جائیں گی۔ کل صحافیوں پر اور آج سنجے سنگھ کے گھر پر چھاپے مارے گئے۔ ایسے بہت سے چھاپے مارے جائیں گے، لیکن ڈرنے کی کوئی بات نہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو دہلی ایکسائز اسکام کیس میں گرفتار کر لیا۔
اان کے گھر سےکئی کاغذات ضبط کیے گئے۔ طویل پوچھ گچھ کے بعد ای ڈی نے سنجے سنگھ کو بدھ کی شام تقریباً 5:30 بجے گرفتار کیا۔ سنجے سنگھ کا نام ایکسائز پالیسی کیس کی چارج شیٹ میں بھی ہے۔ منیش سسودیا اس معاملے میں فروری سے جیل میں ہیں۔ اس سال جنوری میں ای ڈی نے اپنی چارج شیٹ میں سنجے سنگھ کا نام شامل کیا تھا۔ سنجے سنگھ نے اس کو لے کر کافی ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا۔
سنجے سنگھ نے دعویٰ کیا کہ ای ڈی نے غلطی سے ان کا نام شامل کیا ہے۔ جس پر ای ڈی نے جواب دیا کہ ان کی چارج شیٹ میں چار مقامات پر سنجے سنگھ کا نام لکھا گیا ہے۔ ان میں سے تین جگہوں پر نام کی ہجے درست ہے۔ صرف ایک جگہ ٹائپنگ کی غلطی تھی۔
جس کے بعد ای ڈی نے سنجے سنگھ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ میڈیا میں بیان نہ دیں، کیونکہ معاملہ عدالت میں زیر التوا ہے۔ ای ڈی کی چارج شیٹ میں سنجے سنگھ پر 82 لاکھ روپے کا چندہ لینے کا الزام ہے۔ اس سلسلے میں ای ڈی بدھ کو ان کے گھر پہنچی اور ان سے پوچھ گچھ کرنے لگی۔
اس بیچ عام آدمی پارٹی (آپ) کے سینئر لیڈر اور دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو آنے والے انتخابات میں شکست ہونے والی ہے اس لیے وزیر اعظم نریندر مودی بوکھلاہٹ میں سنجے سنگھ کے گھر پر چھاپہ ماری کروا رہی ہے مسٹرگوپال رائے نے آج کہا کہ سنجے سنگھ کے گھر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)کی چھاپہ ماری اس لئے ہو رہی ہے کیونکہ اس ملک کا ہر سروے بتا رہا ہے کہ بی جے پی آئندہ انتخابات میں ہار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی اس بوکھلاہٹ میں کاروائی کروا رہے ہیں۔