امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کے روز کہاکہ حکومت امن اور حالات کی بہتری کے دعوے کر رہی ہے پھر جموں وکشمیر میں الیکشن کیوں نہیں کرائے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسمبلی اور دیگر انتخابات میں غیر ضروری تاخیر سمجھ سے بالا تر ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اگر سب کچھ ٹھیک ہے تو یہاں پر چناو کیوں نہیں کرائے جارہے ہیں۔فاروق عبداللہ نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایوان میں اعلان کیا کہ جموں وکشمیر میں حالات معمول پر آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر جموں وکشمیر میں حالات بہتر ہے تو الیکشن میں تاخیر کیوں ؟ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا ، سیاحتی شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ چناو کمیشن کو جموں وکشمیر میں فوری طورپر الیکشن کرانے چاہئے کیونکہ چناو جمہوریت کی روح ہے۔ہل ڈیلوپمنٹ کونسل چناو کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں فاروق عبداللہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس واحد بڑی پارٹی کے طورپر ابھر کر سامنے آئے گی۔(یو این آئی)