امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر کے بربر شاہ علاقے میں آتشزدگی کی واردات میں دو رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق بربر شاہ سرینگر میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب رہائشی مکان سے آگ ظاہر ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل اور ایک مکان کو لپیٹ میں لے لیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگرچہ آگ پر قابو پایا گیا، تاہم آتشزدگی کی اس واقعہ میں دو رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ لاکھوں روپیہ مالیت کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بربر شاہ سرینگر میں درمیانی شب آگ نمودار ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے۔انہوں نے بتایا کہ آٹھ فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دو مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ان کے مطابق پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
(یو این آئ)