امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ: حفاظتی اہلکاروں کو ذرائع سے ایک مخصوص اطلاع موصول ہوئی کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں وتناڑ، کوکرناگ علاقے میں عسکریت پسند چھپے ہوئے ہیں، جس کے بعد پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں نے وتناڑ علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔ حفاظتی اہلکاروں نے گھر گھر تلاشی مہم شروع کی، اس دوران علاقے کی طرف جانے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو خار دار تار سے سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں داخل ہونے والے افراد سے بھی پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ علاقے میں عسکریت پسندوں کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے۔
علاقے میں عسکریت پسندوں اور حفاظتی اہلکاروں کے مابین کسی بھی کنٹیکٹ کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم چھپے عسکریت پسندوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے تلاشی کارروائی جاری ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ہی وتناڑ کے نزدیکی علاقہ گڈول، کوکرناگ علاقہ میں ایک تصادم پیش آیا تھا تقریباً ایک ہفتے تک جاری رہا۔ اس تصادم میں دو فوجی افسران، جموں کشمیر پولیس کا ڈی وائی ایس پی سمیت چار افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ تصادم آرائی میں دو عسکریت پسندوں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں انجام دی گئیں اور تصام آرائیوں کے دوران درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ بعض عسکریت پسندوں سے عسکری معاونین کو بھی ہتھیار سمیت گرفتار کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس سربراہ سمیت فوجی افسران کی جانب سے بار بار یہ بات واضح کی جا رہی ہے کہ جموں و کشمیر خاص کر وادی میں عسکریت پسندی آخری سانسیں لے رہی ہے۔







