امت نیوز ڈیسک //
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ (ڈی آئی پی آر) کے نئے پورٹل کا آغاز کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے انتظامیہ کی پالیسیوں، پروگراموں اور نئے اقدامات کے بارے میں میڈیا تک معلومات پہنچانے کے لیے محکمہ اطلاعات کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ابلاغ کے مختلف طریقوں کے لیے کئی نئی خصوصیات بشمول پریس ریلیز، فیکٹ شیٹ، تصاویر اور انفوگرافکس موجودہ میکانزم کو ہموار کریں گے اور درست معلومات کی ترسیل میں لگنے والے وقت کو کم کریں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سبکدوش ہونے والے چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کو بھی الوداع کیا اور ان کے خلوص، لگن اور اپنی ذمہ داریوں کو بلا خوف و خطر ادا کرنے کے عزم کی تعریف کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’میں ان کی لمبی، خوش اور صحت مند زندگی کی خواہش کرتا ہوں۔“ لیفٹیننٹ گورنر نے نئے پورٹل کو تیار کرنے میں تعاون کے لیے ہریانہ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ( کے این او)